عالمی برادری متحد ہو کر ہی دور حاضر کے چیلنجز پر قابو پا سکتی ہے:صدر یو این اسمبلی

0
26

نیویارک(پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کی 79 ویں جنرل اسمبلی کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فائلیمن یانگ نے کہا کہ عالمی برادری متحد ہو کر ہی دور حاضر کے پیچیدہ مسائل پر قابو پا سکتی ہے جبکہ مذاکرات کے ذریعے دوسرے فریق کی بات کو سننے اور اجتماعی کوششوں سے ہی انسانیت کا فائدہ ہے۔ انہوں نے رکن ممالک سے کہا کہ وہ اتحاد اور مشترکہ ذمہ داری کے جذبہ سے سب کو ساتھ لیکر چلیں تاکہ دنیا میں امن قائم ہو اور تمام بنی نوع انسان کے لیئے پْرامن ، منصفانہ اور باوقار مستقبل کی تعمیر کا واضح عزم کر کے اپنا کام جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ ، لبنان، سوڈان اور یوکرین سمیت دنیا بھر میں مسلح تنازعات پریشان کن ہیں اور جنگیں ہو رہی ہیں۔ گزشتہ چند روز سے دنیا نے لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین غیر معمولی کشیدگی کا مشاہدہ کیا ہے اس کشیدگی سے پورے مشرق وسطیٰ کے علاقے جنگ کی لپیٹ میں آسکتے ہیں، یہ تنازع فوری ختم ہونا چاہیئے۔ دنیا نازک حالات سے دوچار ہے لہٰذا اس خطے میں مکمل جنگ کو روکنا ہو گا۔ اسرائیل، حماس اور حزب اللہ فوری طور پر جنگ بند کر دیں اور غزہ میں باقی ماندہ تمام یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ اقوام متحدہ میں چھ روزہ اجلاسوں سے 190 ممالک کے سربراہان اور وزرائ خارجہ نے خطاب کیا۔ ان راہنماوں نے خاص طور پر عالمی برادری کو درپیش اہم مسائل اور ان پر قابو پانے کے لیئے عالمگیر اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here