نیویارک (پاکستان نیوز)بروکلین میں ڈے کیئر سینٹرز کی مالکن زکیہ خان کو 68 ملین ڈالر کے ہیلتھ کیئر اور میڈیکیڈ فراڈ اسکیم میں مرکزی کردار ادا کرنے پر سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالتی فیصلہ کے مطابق ان کی امریکی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے اور انہیں 6 نومبر کو کنیکٹی کٹ کی ایک اعلیٰ سکیورٹی جیل میں خود کو حکام کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سزا کے علاوہ ان پر لاکھوں ڈالر کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں اور 5 ملین ڈالر مالیت کے اثاثے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے جن میں جائیدادیں، نقدی اور سونا شامل ہیں۔ 54 سالہ ذکیہ خان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2017 سے 2024 کے دوران اپنے ڈے کیئر سینٹرز کے ذریعے جعلی بلنگ، رشوت اور غیر قانونی کمیشن کا ایک بڑا نیٹ ورک چلایا۔ عدالت میں سماعت کے دوران ذکیہ خان نے اپنے تمام جرائم کا اعتراف کر لیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ان سے یہ تمام غلطیاں تعلیم اور تربیت کی کمی، 40 سالہ گھریلو تشدد اور شدید بیماری کے باعث سرزد ہوئیں۔ انہوں نے عدالت سے رحم کی اپیل کی تاہم حکام نے اس گھناؤنے مالیاتی جرم پر انہیں سخت قانونی سزا سناتے ہوئے قید کی سزا سنائی اور جیل بھیجنے کا حکم دیا۔












