بھارت سے وادی میں مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرنے کا مطالبہ کر دیا
نیویارک(پاکستان نیوز) کانگریس رکن یویٹ کلارک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی لاک ڈاﺅن کے تحت کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے وادی میں مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹ خاتون رکن کانگریس یویٹ کلارک نے امریکی یوم آزادی کے سلسلہ میں بروکلین نیو یارک میں پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں اپنے ساتھیوں کیساتھ ملکر ،جابرانہ لاک ڈاﺅن کے تحت کشمیریوں کی پریشانیوں کے معاملے کو کانگریس میں اجاگر کرونگی۔ یویٹ کلارک نے انتخاب میں حمایت پر پاکستانی نڑاد امریکیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ “مجھے پاکستانی برادری پر بہت فخر ہے جبکہ پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ نومبر میں ایسی انتظامیہ کا انتخاب کریں جس سے امریکہ کو راہ راست پر لایا جاسکے۔