میامی میں ہولناک طیارہ حادثہ 5 ہلاک

0
2

نیویارک (پاکستان نیوز) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک انتہائی دردناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایمیزون ایئر کا ایک کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رنوے سے باہر نکل گیا۔ بوئنگ 767 طیارہ پورٹو ریکو کے شہر سان خوان سے پرواز بھر کر میامی پہنچا تھا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب 21 ایئر کی زیرِ انتظام چلنے والی پرواز 7598 لینڈنگ کے دوران رنوے کی حد سے آگے نکل گئی۔ طیارہ تقریباً 1300 فٹ تک آگے گھسیٹتا ہوا ایئرپورٹ کی باڑ توڑ کر باہر نکل گیا اور وہاں کھڑی اور گزرنے والی گاڑیوں سے جا ٹکرایا، جس کے بعد اس میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کے باعث فضامیں سیاہ دھویں کے بادل چھا گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 5 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد ہوائی اڈے کی حدود میں موجود گاڑیوں کے سوار تھے جو طیارے کی زد میں آ گئے۔ قومی ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور طیارے کا بلیک باکس اور کاک پٹ وائس ریکارڈر بحفاظت برآمد کر لیا گیا ہے۔ حادثے کے فوری بعد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی جس کے باعث 100 سے زائد پروازیں منسوخ اور 300 سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایمیزون اور طیارہ ساز کمپنی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here