لاہور(پاکستان نیوز) ملکی معیشت میں بہتری لانے کی کوششیں، حکومت نے 7 ارب ڈالرز کی فنانسنگ کا انتظام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اربوں ڈالرز کی فنانسنگ کا انتظام کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ تک پاکستان کو 7 ارب ڈالرز مل جائیں گے۔ مزمل اسلم کے مطابق اگلے ہفتے پاکستان کو سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز موصول ہو جائیں گے، جبکہ دسمبر تک سکوک بانڈز کی فروخت مکمل ہو جائے گی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں کہ اس نے پاکستان کی مدد کی ہے اور تین ارب ڈالر دئیے ہیں، آئی ایم ایف کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے اور اس کے اوپر کام شروع ہو چکا ہے،ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔ دوسری جانب ہفتے کے روز وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے ذخائر سٹیٹ بینک میں رکھنے کے معاہدے کی منظوری دیدی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے معاہدے کی منظوری دی،وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکومت نے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک کے ذخائر میں رکھنے کا وعدہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق معاہدے میں بتایاگیاکہ سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں ایک سال کے لیے جمع رہیں گے،پاکستان اس رقم پر سعودی حکومت کو سالانہ 4 فیصد منافع ادا کرے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کے ساتھ معاہدے کا ڈرافٹ وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس کو بھجوایا گیا،وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس نے معاہدے کے ڈرافٹ پر اتفاق کیا،قانونی رائے کے بعد معاہدے کی کاپی وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے بھجوائی گئی تھی،کابینہ نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے ملنے والے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک کے ذخائر میں رکھنے کی منظوری دی۔