کراچی:
حیدری میں علاقہ مکینوں نے کم سن بچی سے زیادتی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
ایکسپریس کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ کوثر نیازی کالونی کے رہائشی انتظار حسین کی چار سالہ بیٹی کو ان کا پڑوسی ساجد چیز دلانے کے بہانے اپنے گھر لے گیا اور زیادتی کی کوشش تو جس پر بچی نے شور مچادیا۔
بچی کی چیخ و پکار سن کر گھر کے باہر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور صورتحال معلوم کرنے کے لیے جب دروازے پر دستک دی تو ملزم نے دروازہ نہیں کھولا۔ علاقہ مکینوں نے فوری طور پر پولیس مددگار ون فائیو کو واقع سے مطلع کیا اور اس دوران گھر کو گھیرے میں لیے رکھا تاکہ ملزم فرار ہونے کی کوشش نہ کرے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر میں داخل ہو کر ملزم ساجد کو گرفتار کرلیا جبکہ بچی کو طبی معائنے کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔
حیدری پولیس نے انتظار حسین کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 60/20 بجرم دفعہ 376 اور 511 کے تحت ملزم ساجد کے خلاف درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔