کراچی:
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت نے اپنے سلیکٹرز کی ناک کے نیچے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے ہائر ایجوکیشن بجٹ میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شعبے کی یونیورسٹیوں کو اپنے معاملات چلانے کے لئے نجی شعبے سے قرض لینے پر مجبور کیا گیا ہے، ملک کی 104 سرکاری یونیورسٹیاں اپنی تاریخ کے بدترین مالی بحران سے گزر رہی ہیں، 158 ارب روپے کے مطلوبہ بجٹ میں سے کٹھ پتلی حکومت اس کا آدھا حصہ بھی مختص کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یونیورسٹی آف پشاور سمیت ملک کی کچھ مشہور یونیورسٹیاں اپنے عملے کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کرنے کے قابل بھی نہیں رہیں، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کو سخت نظرانداز کیا گیا ہے جب کہ کٹھ پتلی حکومت نے اپنے سلیکٹرز کی ناک کے نیچے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔