پاکستان یو این آئی ڈی او کے 2ذیلی اداروں کا رکن منتخب

0
129

ویانا(پاکستان نیوز)پاکستان اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم (یونیڈو) کے صنعتی ترقیاتی بورڈ (آئی ڈی بی) اور پروگرام و بجٹ کمیٹی (پی بی سی) کا رکن منتخب ہو گیا۔ گزشتہ روز ویانا میں انڈسٹریل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جنرل کانفرنس کے دوران انتخابات ہوئے۔ آئی ڈی بی کیلئے پاکستان کی رکنیت کی مدت 4سال 2022ء سے2025ء تک جبکہ پی بی سی کیلئے 2سال 2022ء سے2023ء تک ہے۔1985ء میں یونیڈو کا ممبر بننے کے بعد سے پاکستان 30سال سے آئی ڈی بی اور18سال سے پی بی سی کے رکن کے طور پر اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری نے جامع اور پائیدار صنعتی ترقی کے لئے پاکستان کے تعاون اور کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یونیڈو کے پالیسی ساز اداروں کا رکن ہونے کے ناطے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور صاف ستھری اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ترقی پذیر ممالک کی جامع اور پائیدار صنعتی ترقی کے لئے مناسب اور متوقع مالی اعانت کے انتظامات کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ53 ممبران پر مشتمل ہے۔ جو تمام ممبر ممالک سے باری باری چار سال کی مدت کے لئے منتخب کئے جاتے ہیں۔ آئی ڈی بی یونیڈو کے پالیسی ساز اداروں میں سے ایک ہے۔ یہ کام کے پروگرام، باقاعدہ اور آپریشنل بجٹ کے نفاذ کا جائزہ لیتا ہے اور ڈائریکٹر جنرل کی تقرری سمیت پالیسی معاملات پر جنرل کانفرنس کو سفارشات پیش کرتا ہے۔ پروگرام اور بجٹ کمیٹی 27ارکان پر مشتمل ہوتی ہے۔ جو دو سال کی مدت کے لئے منتخب ہوتے ہیں۔ یہ آئی ڈی بی کا ایک ذیلی ادارہ ہے جو کام کے پروگرام ، بجٹ اور دیگر مالی معاملات کی تیاری اور جانچ میں مدد فراہم کرتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here