تجارتی خسارے میں 4 ارب ڈالرکا اضافہ

0
19

اسلام آباد(نیوز)رواں مالی سال 2025-26ء کے پہلے10ماہ(جولائی تا اپریل) ملک کے تجارتی خسارے میں 20.28 فیصد بڑھ کر تقریباً 32 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5 ارب 49 کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔اس عرصہ کے دوران برآمدات6.25فیصد کمی کے ساتھ 25.10 ارب ڈالر تک محدود رہیں جبکہ درآمدات 7.85فیصد اضافے سے57ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پرتجارتی خسارے میں43.50 فیصد تک کا نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ اپریل کے دوران برآمدات2.48 ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات کا حجم 6.55 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔یوں اس ایک ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 4 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا جو کہ گزشتہ 46 ماہ میں سب سے زیادہ ہے۔گزشتہ سال ماہ اپریل کے دوران تجارتی خسارہ 3.92 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔جولائی تا اپریل تجارتی خسارے میں بڑے اضافے کی بنیادی وجہ برآمدات میں کمی اور درآمدی بل میں مسلسل اضافہ ہے۔رواں مالی سال 2025-26ء کے پہلے دس ماہ کے دوران ٹیکسٹائل ایکسپورٹس میں صرف 22 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا جبکہ جولائی2025ء سے اپریل 2026ء تک ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 15 ارب ڈالر سے زائد رہا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اپریل ٹیکسٹائل برآمدات میں1.48 فیصد اضافہ ہوا۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل برآمدات کاحجم14 ارب 85 کروڑ ڈالر رہا تھا ۔گزشتہ مالی سال کی نسبت ماہانہ بنیاد پر ٹیکسٹائل برآمدات میں 22 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق اپریل میں ٹیکسٹائل برآمدات تقریباً 1.5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں گزشتہ سال اپریل میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹس کا حجم 1.2 ارب ڈالر تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here