نیویارک (پاکستان نیوز)حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ میں اپنے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کو نیا سیکرٹری خارجہ نامزد کر دیا ہے۔ وہ موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی جگہ یہ اہم عہدہ سنبھالیں گے جو 17 ستمبر کو اپنی سرکاری مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہو رہی ہیں۔ اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے کیا گیا ہے۔ عاصم افتخار احمد کا شمار پاکستان کے انتہائی تجربہ کار اور ماہر سفارتکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ فارن سروس آف پاکستان میں ایک طویل اور شاندار کیریئر کے حامل ہیں اور انہوں نے متعدد اہم سفارتی محاذوں پر پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ اقوام متحدہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دینے کے علاوہ وہ دفتر خارجہ کے ترجمان اور مختلف ممالک میں سفیر کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کے وسیع سفارتی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے انہیں وزارت خارجہ کی اعلی ترین انتظامی اور سفارتی مسند سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے اپنی مدت کے دوران پاکستان کی خارجہ پالیسی کے فروغ اور بین الاقوامی تعلقات کی استواری میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی سبکدوشی کے بعد عاصم افتخار احمد کو درپیش چیلنجز میں عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر ملک کا موقف مؤثر انداز میں پیش کرنا شامل ہوگا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ عاصم افتخار احمد کی تعنیاتی سے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی سفارت کاری میں مزید استحکام اور بہتری آئے گی۔











