واشنگٹن (پاکستان نیوز)عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران کرونا وائرس کی عالمی وبا سے براہ راست یا اس کے اثرات کے نتیجے میں بالواسطہ طور پر مجموعی طور پر 1 کروڑ70 لاکھ انسان ہلاک ہوئے، یہ تعداد اب تک کی سرکاری تعداد کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔ 2020 اور 2021ء میں کرونا کے وبائی مرض سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہلاکتیں جنوب مشرقی ایشیا، یورپ اور امریکی براعظموں میں ریکارڈ کی گئی تھیں۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے پانچ مئی جمعرات کے روز اس حوالے سے اپنے ادارے کی جاری کردہ ایک رپورٹ کو ‘تشویشناک’ قرار دیا۔ ٹیڈروس گیبریسس نے کہا کہ ان اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے صرف یہی تجویز دی جا سکتی ہے کہ دنیا بھر کے ممالک کو اپنے ہاں صحت کے شعبے میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتیں بڑھانے کی خاطر بہرصورت کافی زیادہ نئی سرمایہ کاری کرنا چاہئے۔ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کرونا کی عالمی وبا سے جڑی انسانی اموات کی مجموعی تعداد کے درست تعین کے ذمے دار طبی ماہرین اور سائنسدانوں کے اندازوں کے مطابق جنوری 2020ء سے لے کر دسمبر 2021ء کے درمیانی عرصے میں 13.3 ملین سے لے کر 16.6 ملین تک ایسی اموات ہوئی تھیں، جو یا تو کرونا کا براہ راست نتیجہ تھیں یا پھر جن میں اس عالمگیر وبا کے طبی اثرات نے بھی اہم کردار دا کیا تھا۔