خالصتان تحریک :بھارتی پنجاب میں گورنر راج کی تیاریاں

0
93

نئی دہلی(پاکستان نیوز) بھارت میں خالصتان تحریک کے زور پکڑنے پر بھارتی پنجاب میں گورنر راج لگانے کی سازش تیار کرلی گئی۔ حکومت امرت پال سنگھ کی مقبولیت سے پریشان ہے جس کی وجہ سے پیرا ملٹری فورس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے دوسری جانب بھارت میں فلمی اداکار ابھیشیک بچن، کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی سمیت95 نامور شخصیات کی جعلی شناختی دستاویزات پر کریڈٹ کارڈز جاری کروانے پر 5سائبر مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امرت پال سنگھ کا کہنا ہے خالصتان کا مطالبہ سکھوں کا بنیادی حق اور مذہبی عقیدہ ہے۔ اگر ہندوتوا ریاست کی بات جرم نہیں تو پھر مسلمانوں کی طرف سے جہاد اور سکھوں کی طرف سے خالصتان کے مطالبے کو جرم کیوں بنا دیا گیا ہے۔ وارث پنجاب دا کے سربراہ امرت پال سنگھ کی مقبولیت بھارتی پنجاب میں دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ نوجوان امرت پال سنگھ بھارتی پنجاب میں نوجوان کو نشے کی لعنت سے بچانے اور بیروزگاری کے خاتمے کی جدوجہد کررہے ہیں اور سمجھتے ہیں سکھوں کے مسائل کا واحد حل صرف خالصتان کا قیام ہی ہے۔ ادھر گزشتہ ہفتے اجنالہ پولیس اسٹیشن پر امرت پال سنگھ کے حامیوں کی چڑھائی اور احتجاج کے بعد عام آدمی پارٹی کی حکومت بھارتی پنجاب میں نا صرف پولیس کی سکیورٹی بڑھا دی ہے بلکہ بھارت کی حکومت سے پیراملٹری فورس بھی مانگ لی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے وزیراعلیٰ بھگوت مان نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے رابطہ کیا ہے اور ان سے پنجاب کے لئے اضافی فنڈز اور پیرا ملٹری فورس کی40سے50کمپنیاں مانگ لی ہیں۔ بھارتی تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب میں ایسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں کہ بھارتی فوج اور امرت پال سنگھ کے حامیوں میں تصادم کروایا جائے اور جب حالات خراب ہوں تو پھر پنجاب میں عام آدمی کی سرکار ختم کرکے یہاں گورنر راج لاگو کر دیا جائے۔ تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے چند دنوں میں امرت پال سنگھ پر قاتلانہ حملہ بھی کروایا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف امرت پال سنگھ کا کہنا ہے بھارتی میڈیا ان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here