واشنگٹن ( پاکستان نیوز) نارتھ کیرولینا کے شہر شارلٹ میں غلامی کے خاتمے کی یاد میں منائے جانے والے دن کی تقریب کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ تقریب میں مزید پانچ افراد گاڑیوں کی ٹکر سے زخمی ہوئے۔ 1865 میں امریکہ سے غلامی کے خاتمے کے حوالے سے ہر سال جون ٹینتھ ہالی ڈے منائی جاتی ہے ، پولیس کے مطابق ایک پیدل چلنے والے کو کار کی ٹکر کی اطلاع پر فوری طورپر موقع پر پہنچے تو وہاں فائرنگ کی ا?واز سن کر سینکڑوں افراد منتشر ہو رہے تھے۔ دوسری طرف کورونا وائرس کی وبا 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات پر پہلی مرتبہ بری طرح اثرانداز ہوئی اور ٹرمپ کی ریلی کے منتظمین کو کم حاضری کی وجہ سے کئی ایونٹس منسوخ کرنا پڑ گئے۔ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے لیے پہلی تقریب اوکلوہاما میں ہوئی اور منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ تقریباً 10 لاکھ لوگوں کی اس میں شرکت متوقع ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے نائب مائیک پینس کو عوام سے خطاب کرنا تھا لیکن توقع کے مطابق عوام کے نہ آنے کے سبب ایونٹ کو منسوخ کردیا گیا۔ ‘دی گارجین’ لندن نے شائقین کی کم تعداد میں آمد کو مایوس کن قرار دیا کیونکہ اس ریاست سے 2016 کے انتخابات میں ٹرمپ نے 36 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔ لیکن سی این این نے رپورٹ کیا کہ ارینا میں عوام کی کثیر تعداد کی موجودگی درحقیقت کورونا وائرس کی وجہ سے ایک بہت اہم اور بڑا مسئلہ تھی۔