نئی دہلی:
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں 21 روز کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں آج رات سے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ اس دوران شہریوں کے بلا ضرورت گھر سے نکلنے پر پابندی، تمام کاروباری مراکز بند، ذرائع آمد و رفت معطل اور دفاتر و صنعتیں بند رہیں گی جب کہ تعلیمی اداروں میں پہلی ہی تعطیلات دیدی گئی ہیں۔
وزیراعظم مودی کا کہنا تھا کہ مجھے علم ہے یہ ایک طویل دورانیہ ہے لیکن کورونا کی وبا سے لڑنے کا یہ واحد طریقہ بھی ہے اس لیے خود کو 21 روز تک دن میں 24 گھنٹے کے لیے گھروں میں قید کرلیں۔ قبل ازیں مودی سرکار نے شہریوں کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک ’جنتا کرفیو‘ اپنانے کا مشورہ دیا تھا۔
بھارت میں اب تک 500 سے زائد مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 5 مریض ہلاک ہوئے ہیں تاہم ناقص انتظامات اور حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہلک وائرس تیزی سے ملک بھر میں پھیل رہا ہے۔ وزیراعظم مودی نے صحت کے شعبے کے لیے فوری بجٹ کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 34 ہزار 381 ہوگئی ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 652 ہے اور اب تک یہ وائرس 189 ممالک میں پھیل چکا ہے۔