واشنگٹن (پاکستان نیوز)صدر ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی کے لیے اربوں ڈالر کی امداد روک دی ، ہاروڈ یونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے کیمپس کے اندر کئی طرح کی سرگرمیوں کو روکنے کے متعدد مطالبات مسترد کر دئیے تھے اور کہا تھا کہ ‘یونیورسٹی اپنی آزادی یا اپنے آئینی حقوق’ سے ہرگز دستبردار نہیں ہو گی۔ہارورڈ امریکہ کی پہلی بڑی یونیورسٹی ہے، جس نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنی پالیسیوں کو تبدیل کرنے کے دباؤ کو مسترد کیا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ چونکہ ہارورڈ یونیورسٹی نے اپنے کیمپس میں متعدد سرگرمیوں کو روکنے کے مطالبات کو مسترد کر دیا ہے، اس لیے یونیورسٹی کو دی جانے والی تقریبا سوا دو بلین ڈالر سے زیادہ کی امداد اور 60 ملین ڈالر کے دیگر معاہدوں کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ اعلان پیر کے روز کیا گیا اور پیر ہی کے دن ہارورڈ نے ٹرمپ انتظامیہ کے متعدد مطالبات کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے فنڈنگ روکنے کا اعلان کیا۔یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے ہارورڈ کمیونٹی کے نام اپنے ایک خط میں لکھا کہ ”یونیورسٹی اپنی آزادی سے دستبردار نہیں ہو گی اور نہ ہی اپنے آئینی حقوق کو ترک کرے گی۔ایلن گاربر نے ہارورڈ کمیونٹی کے نام اپنے مکتوب میں مزید کہا کہ قطع نظر پارٹی کے، کوئی بھی حکومت اقتدار میں ہو، اسے یہ حکم دینے کا کوئی حق نہیں ہے کہ نجی یونیورسٹیاں کیا پڑھا سکتی ہیں، کس کو داخلہ دے سکتی ہیں اور کسے نہیں، کسے ملازمت دے سکتی ہیں اور مطالعے اور تحقیق کے کون سے شعبوں میں وہ پیش رفت کر سکتی ہیں۔یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے کہا کہ وائٹ ہاؤس نے جمعے کے روز ”مطالبات کی تازہ ترین اور توسیع شدہ ایک اور فہرست” بھیجی تھی، جس میں تنبیہ کے ساتھ یہ کہا گیا تھا کہ یونیورسٹی کو حکومت کے ساتھ اپنے ”مالی تعلقات” کو برقرار رکھنے کے لیے ”لازمی تعمیل کرنا ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنے قانونی مشیر کے ذریعے ٹرمپ انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ ہم اس کے مجوزہ مطالبات کو قبول نہیں کریں گے۔اس سے قبل جمعے کے روز امریکہ کے وفاقی محکمہ تعلیم نے اپنے ایک خط میں کہا تھا کہ ہارورڈ یونیورسٹی ”وفاقی سرمایہ کاری کا جواز پیش کرنے والی دانشورانہ اور شہری حقوق دونوں طرح شرائط پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے۔”محکمہ تعلیم نے ہارورڈ سے فیکلٹی، عملے اور ایسے طلبا کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جو بقول اس کے تعلیم سے زیادہ دیگر سرگرمیوں کے لیے پرعزم رہتے ہیں۔حالیہ ہفتوں میں امریکہ کے وفاقی ایجنٹوں نے ملک بھر کے کالجوں میں متعدد طلبا اور فیکلٹی ممبران کو فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرنے کے لیے نشانہ بنایا اور انہیں حراست میں لے لیا۔وائٹ ہاؤس نے گزشتہ ہفتے ہارورڈ کو مطالبات کی ایک فہرست بھیجی تھی اور کہا تھا کہ اسے کیمپس میں سامیت دشمنی سے لڑنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں انتظامی تبدیلیاں کرنے، بھرتی اور طلبہ کے داخلے کے طریقہ کار کو بدلنے جیسے مطالبات شامل تھے۔ہارورڈ امریکہ کی پہلی بڑی یونیورسٹی ہے، جس نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنی پالیسیوں کو تبدیل کرنے کے دباؤ کو مسترد کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اس سلسلے میں جو مطالبات کیے تھے، ان کے تسلیم کرنے سے اس ادارے کے کام کاج کا طریقہ تبدیل ہو جاتا اور اس پر حکومت کا بہت زیادہ کنٹرول بھی ہو جاتا۔صدر ٹرمپ امریکہ کی معروف یونیورسٹیوں پر یہودی طلبا کے تحفظ میں ناکام ہونے کا الزام لگاتے رہے ہیں، کیونکہ غزہ پٹی کی جنگ اور اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کے خلاف امریکہ بھر کے بہت سے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ٹرمپ انتظامیہ کے دباؤ کے سبب ہارورڈ یونیورسٹی کے سابق طلبہ کے ایک گروپ نے اس ادارے کے رہنماؤں کے نام ایک خط لکھا اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا ”قانونی طور پر مقابلہ کریں اور ایسے غیر قانونی مطالبات پر عمل کرنے سے انکار کر دیں، جو تعلیمی آزادی اور یونیورسٹی کی خود مختاری کے لیے خطرہ ہوں۔