دونوں عہدیداران نے ٹی وی پر براہ راست ویکسین لگوائی تاکہ عوام کا اعتماد بڑھے
نیویارک(پاکستان نیوز) نومنتخب صدر جوبائیڈن اور نائب صدر مائیک پینس نے بھی کورونا کی ویکسین لگوا لی ہے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری کورونا ویکسین کی منظوری کے بیان نے کشمکش پیدا کر دی ہے۔ ’اے ایف پی‘ کے مطابق جمعے کو نائب صدر مائیک پینس کو ٹیلی ویژن چینلز پر ویکسین لگواتے ہوئے براہ راست دیکھا گیا تاکہ امریکی عوام کا ویکسین پر اعتماد بڑھ سکے۔اس کے بعد نومنتخب صدر جوبائیڈن نے بھی ٹی وی پر براہ راست ویکسین لگوا کر لوگوں میں اعتماد پیدا کیا۔ ویکسین کا انجیکشن لگوانے کے بعد مائیک پینس نے کہا کہ انہیں کچھ محسوس نہیں ہوا، اور ویکسین پر اعتماد ہونے کی وجہ سے ہی وہ اس مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ نائب صدر کی اہلیہ کرن پینس اور شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیدار سرجن جنرل جیرومی ایڈمز کو بھی فائزر کی منظور شدہ ویکسین لگائی گئی۔ اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ موجود نہیں تھے اور نہ ہی انہوں نے نائب صدر کے ویکسین لگوانے کے حوالے سے کوئی بیان دیا۔ جبکہ صدر ٹرمپ کی دوسری کورونا ویکسین کے حوالے سے ٹویٹ نے صحت سے متعلقہ اداروں میں کشمکش کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔