پاکستانی قونصلیٹ کی مداخلت کے بعد نثار بھٹہ کی میت پاکستان روانہ

0
135

 

تمام اخراجات پاکستانی قونصلیٹ نے برداشت کیے ، نماز جنازہ مسلم سنٹر فلشنگ میں ادا کی گئی

نیویارک (خصوصی رپورٹ ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی مقامی سماجی شخصیت نثار بھٹہ مرحوم کی نماز جنازہ بدھ کو یہاں مسلم سنٹر فلشنگ کوینز میں ادا کی گئی جس کے بعد ان کے جسد خاکی کو امارات ائیرلائنز سے پاکستان بھجوا دیا گیا۔ مرحوم کی تجہیز و تکفین اور بذریعہ ائیر کارگو پاکستان بھجوانے کے تمام اخراجات پاکستان قونصلیٹ نیویارک کی جانب سے ادا کئے گئے۔مرحوم کی میت پاکستان میں ان کا بیٹا حسن نثار وصول کرے گا جس کے بعد انہیں ان کی آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ مرحوم کے فیونرل کے انتظامات پاک فیونرل ہوم کی جانب سے بطریق احسن ادا کئے گئے۔ نماز جنازہ میں ان کے قریبی دوستوں اور مسجد انتظامیہ کے ارکان نے شرکت کی۔ میت کو جلد پاکستان بھجوانے کی تیاریاں مکمل تھیں کہ عین موقع پر کچھ افراد کے اعتراضات کے بعد اس کو دو ہفتوں تک فیونرل ہوم میں ہی رکھا گیا آخر کار پاکستانی قونصلیٹ نے مداخلت کرتے ہوئے میت کی منتقلی کے تمام اخراجات برداشت کیے اور میت کی وطن واپسی کے تمام انتظامات قریبی ساتھیوں کو سونپ دیئے جوکہ پہلے ہی میت کو جلد پاکستان بھجوانا چاہتے تھے ۔نثار بھٹہ مرحوم ‘‘ایم ٹریک ٹرین ‘‘ میں بطور چیف خدمات انجام دیتے تھے اور فلشنگ ، نیویارک میں اکیلے رہتے تھے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اور بیٹا حسن نثار شامل ہے جو کہ پاکستان میں رہتے ہیں جبکہ مرحوم کے بھائی بھی گوجرانوالہ پاکستان میں ہیں۔نثار بھٹہ کے دوست احباب اور کمیونٹی کی جانب سے ان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں اعلی ٰ مقام نصیب فرمائیں ، ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائیں۔نثار بھٹہ مرحوم کے خاندان کے سوگواران کی جانب سے پاکستان قونصلیٹ نیویارک کا شکریہ ادا کیا گیا ہے کہ جس نے ان کے جسد خاکی کو پاکستان بھجوانے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان نیوز بھی ورثا کے غم میں برابر کا شریک ہے ، بے شک کمیونٹی ایک شفیق دوست سے محروم ہوگئی ، اللہ تعالیٰ جنت میں بلند مقام عطا فرمائے ، امین ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here