اسلام آباد (پاکستان نیوز)پاک فوج نے اپنے فضائی بیڑے میں چین کا تیار کردہ جدید اٹیک ہیلی کاپٹر Zـ10ME شامل کر لیا ہے، جسے امریکی ساختہ اپاچی ہیلی کاپٹر کے ہم پلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر ہر موسم اور دن و رات میں درست نشانہ لگانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اور اس کی شمولیت کو پاکستان آرمی ایوی ایشن کے لیے ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ ملتان گیریڑن کے دورے کے موقع پر اس ہیلی کاپٹر کو باضابطہ طور پر پاک فوج کے بیڑے میں شامل کیا گیا۔ اس موقع پر مظفرگڑھ فائرنگ رینج میں Zـ10ME کی فائر پاور کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جسے اعلیٰ عسکری قیادت نے سراہا۔Zـ10ME نہ صرف جدید ویپن سسٹمز سے لیس ہے بلکہ اس میں ملٹی موڈ ریڈار، نائٹ ویڑن، اور ایڈوانسڈ الیکٹرانک وارفیئر سسٹم بھی شامل ہیں۔ ہیلی کاپٹر میں چھ مختلف ہتھیار نصب کرنے کے پوائنٹس موجود ہیں، جن پر ائیر ٹو ائیر، ائیر ٹو گراؤنڈ میزائلز اور راکٹس نصب کیے جا سکتے ہیں۔ یہ تین ٹن تک ہتھیار یا وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس ہیلی کاپٹر کو نمایاں بنانے والا اہم ہتھیار CMـ501XA کروز میزائل ہے، جو نہ صرف جاسوسی بلکہ ٹارگٹڈ حملوں کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے۔ یہ میزائل دشمن کے حساس اور متحرک اہداف کو ریموٹ کنٹرول لنک کے ذریعے فوری طور پر نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔Zـ10ME میں SWـ6 UAV نصب کیا جا سکتا ہے، جو ایک چھوٹا بغیر پائلٹ ڈرون ہے۔ یہ ڈرون ایک گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے اور 5 کلوگرام تک اضافی بوجھ اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو انفرادی آپریشنز میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔یہ ہیلی کاپٹر اینٹی سب میرین وارفیئر میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس میں ET60 لائٹ ویٹ تارپیڈو نصب کیا جا سکتا ہے، جس کی رینج 25 کلومیٹر اور رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔اس جدید ہیلی کاپٹر میں نصب نیا انجن پچھلے ورڑن کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ طاقتور ہے، جو 1300 کلو واٹ توانائی فراہم کرتا ہے۔ اس سے نہ صرف پرواز کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے بلکہ لوڈ اٹھانے کی صلاحیت اور مشکل جغرافیائی حالات میں آپریٹنگ کی صلاحیت بھی بڑھ جاتی ہے۔










