کیرالہ(پاکستان نیوز) بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے ضلع ملاپورم میں ایک ہتھنی کی بارود سے بھرے انناس کھانے سے موت ہو گئی۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اس جنگلی ہتھنی نے اپنی بھوک مٹانے کے لیے انناس کھایا تھا اوربارود سے بھرا وہ انناس اس کے جسم میں پھٹ گیا، جس سے اس کے اندرونی اعضا متاثر ہوئے اور اس کی موت ہوگئی۔کہا جا رہا ہے کہ کے بعض شر پسند عناصر نے ہتھنی کو دھماکہ خیز مواد سے بھرا انناس کھلا دیا، اس واقع کے بعد ہتھنی تین دن تک ایک دریا میں کھڑی رہی اور اس نے اپنی سونڈ پانی میں ہی رکھی، شائد پانی سے اس کو کچھ راحت مل رہی تھی، اور آخر کار تین دن بعد ہتھنی نے دم توڑ دیا۔القمرآن لائن کے مطابق یہ خبر منظر عام پر تب آئی جب کیرالہ کے ضلع ملاپورم کے محکمہ جنگلات کے ایک افسر موہن کرشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک جذباتی پوسٹ لکھی۔ہتھنی کی موت کے بعد جب ڈاکٹرز نے پوسٹ مارٹم کیا تو پتا چلا کے وہ حاملہ تھی۔پوسٹ مارٹم کے بعد لوگوں نے ہتھنی کے سامنے سر جھکا کر اپنا آخری سلام پیش کیا۔اس سے پہلے بھی انسانوں کے جانوروں پر ظلم کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں لیکن یہ پہلا واقعہ ہے جب کسی ہتھنی پر اس طرح سے ظلم کیا گیا ہے۔