برلن(پاکستان نیوز) جرمنی نے یورپ کی سب سے مضبوط اور روایتی فوج بنانے کی تیاری تیز کر دی ہے۔ جرمن حکومت کا کہنا تھا کہ روس سے بڑھتے خطرات اور امریکا پر اعتماد میں کمی کے باعث یورپ کو اپنی دفاعی صلاحیت خود مضبوط کرنا ہوگی۔بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں دعوی کیا گیا کہ جرمنی کے ایک نئے قانون کے تحت ہر 18 سالہ جرمن نوجوانوں کے لیے فوجی سروس سے متعلق اپنی جسمانی اور ذہنی اہلیت کا سوالنامہ بھرنا لازمی ہوگا۔ فی الحال جرمنی میں فوج میں شمولیت رضاکارانہ ہے تاہم ضرورت پڑنے پر لازمی فوجی سروس بھی نافذ کی جا سکتی ہے۔جرمن چانسلر فریڈرک مرٹس کے مطابق جرمن فوج بنڈس ویئر کو یورپ کی سب سے مضبوط روایتی فوج بنانا ہدف ہے۔ حکومت نے رواں سال دفاعی بجٹ 108 ارب یورو تک بڑھا دیا ہے جو جی ڈی پی کا 2.5 فیصد ہے۔ 2030 تک یہ اخراجات 3.5 فیصد تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جرمن عوام میں روس سے متعلق تشویش بڑھ گئی ہے۔ حالیہ سروے کے مطابق جرمنی کی بڑی اکثریت کا خیال ہے کہ روس یوکرین کے بعد نیٹو ممالک کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔، جرمنی میں 2029 کو ممکنہ خطرے کا سال قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب جرمنی کے امریکا پر اعتماد میں شدید کمی آئی ہے۔













