دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلی بار ‘نیشنل اسپیلنگ بی’ مقابلہ منسوخ

0
276

 

ایونٹ کا انعقاد 24سے 29مئی تک ہونا تھا ، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا، انتظامیہ

واشنگٹن(پاکستان نیوز) امریکہ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار ‘نیشنل اسپیلنگ بی’ مقابلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے نئی تاریخ کا اعلان کرنا ممکن نہیں۔ اس کا انعقاد 24 سے 29 مئی تک دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے ملحق نیشنل ریزورٹ اینڈ کنونشن سینٹر میں ہونا تھا۔ اگرچہ یہ امریکہ کا قومی مقابلہ ہے، لیکن اس میں دوسرے ملکوں کے طالب علم بھی شریک ہوتے ہیں۔ مشکل الفاظ کے درست اسپیلنگ بتانے والے کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔ اس سے پہلے مارچ میں منتظمین نے مقابلہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جس سے امید ہوئی تھی کہ سال کے آخر میں اسے منعقد کیا جائے گا۔ لیکن اب منتظمین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے اس سال مقابلے کی نئی تاریخ مقرر کرنا ممکن نظر نہیں آرہا۔ اگلا نیشنل اسپیلنگ بی مقابلہ یکم سے 3 جون 2021 تک منعقد کیا جائے گا۔ منتظمین نے کہا ہے کہ وہ قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے اور آٹھویں گریڈ تک کے طالب علم ہی اس میں شرکت کر سکیں گے۔ اس کا مطلب ہوا کہ اس سال مقابلے میں حصہ لینے کے اہل کچھ طلبہ اگلے مقابلے میں شریک نہیں ہوپائیں گے۔ مقابلے میں شریک ہونے کے لیے ایک شرط یہ بھی ہے کہ طالب علم کی عمر 15 سال سے کم ہونی چاہیے۔ مقابلے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پائیج کمبل نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں ان طلبہ سے ہمدردی ہے کامیابی کے لیے آخری موقع سے محروم ہوگئے ہیں۔ اس کا سبب وبا ہے جس نے ہمیں مشکل فیصلے پر مجبور کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here