اسلام آباد:
جہانگیر ترین اور شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی انکوائری کمیشن کی انکوائری رپورٹ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست آج سماعت کے لیے مقررکردی گئی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ سماعت کریں گے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: جہانگیرترین گروپ کی شوگر ملز اوورانوائسنگ اور ڈبل بلنگ میں ملوث ہیں، شہزاد اکبر
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے عدالت سے استدعا کی کہ 21 مئی کو جاری کی گئی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو کالعدم قرار دیا جائے، وزارت داخلہ کے تشکیل کردہ انکوائری کمیشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی جس میں ملز مالکان کو مورد الزام ٹھہرایا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کمیشن نے تحقیقات کرتے ہوئے مجوزہ قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : چینی اسکینڈل کا فرانزک آڈٹ مکمل، ٹیکسوں کی مد میں اربوں کے فراڈ کا انکشاف
واضح رہے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق شوگر ملز مافیا نے ملی بھگت سے عوام سے لوٹ مار کی اور قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔