مانچسٹر:
ویسٹ انڈیز کو بند دروازوں کے پیچھے فتح نظر آنے لگی، ہیڈ کوچ فل سمنز نے کہاکہ انگلش تماشائیوں کی عدم موجودگی کا براہ راست فائدہ ہمیں ہوگا، انگلینڈ کو مسابقتی کرکٹ کے فقدان سے بھی نقصان پہنچے گا، صورتحال بڑی حد تک ہمارے حق میں دکھائی دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں 8 جولائی سے شیڈول ٹیسٹ سیریز تماشائیوں کے بغیر کھیلی جائے گی، کیریبیئن کوچ فل سمنز اسے اپنے حق میں بہتر قرار دیتے ہیں،انھوں نے کہا کہ یہ سیریز دونوں ٹیمیں ایک جیسے ہی ماحول میں کھیلیں گی، ہمارے لیے اچھی بات یہ ہے کہ انگلینڈ کو سپورٹ کرنے والے 20 ہزار سے زائد تماشائی اسٹیڈیم میں موجود نہیں ہوں گے، اس وجہ سے میزبان سائیڈ کو ہوم کراؤڈ کی سپورٹ حاصل نہیں ہوگی، یہ چیز ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
سمنز سمجھتے ہیں کہ مسابقتی کرکٹ کی کمی بھی انگلش ٹیم کیلیے نقصان دہ ثابت ہوگی، ویڈیو کانفرنس میں انھوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ نے گذشتہ کچھ عرصے سے کوئی ٹور نہیں کیا جبکہ ہم نے اپنے ملک میں کرکٹ کھیلی، اگر عام حالات ہوتے تو ہم صرف کیمپ لگا کر یہاں آتے جبکہ انگلینڈ اپنے ہوم سیزن کے وسط میں ہوتا جس سے انھیں زیادہ ایڈوانٹیج حاصل ہوسکتا تھا، مگر اب اس صورتحال کو بھی میں اپنے حق میں دیکھ رہا ہوں، گذشتہ کچھ عرصے سے مسابقتی کرکٹ نہ کھیلنے کا بھی میزبان ٹیم کے کھیل پر اثر پڑے گا۔
یاد رہے کہ 18 ماہ قبل ویسٹ انڈیز نے ہوم گراؤنڈز پر انگلینڈ کوٹیسٹ سیریز میں 2-1سے شکست دی تھی۔ فل سمنز نے مزید کہاکہ بدقسمتی سے ہمیں سیریز میں شمرون ہٹمائر، ڈیرن براوو اور کیموپال کی خدمات حاصل نہیں جو اس ٹور سے دستبردار ہوگئے، البتہ دیگر کھلاڑی ان کی جگہ بہتر پرفارم کرنے کیلیے پْراعتماد ہیں۔