ٹرمپ کی واشنگٹن میں تعمیراتی منصوبوں کو نقصان پہنچانے پر 10سال قید کی تنبیہ

0
3

واشنگٹن (پاکستان نیوز)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے شہریوں کو واشنگٹن ڈی سی میں جاری خوبصورتی کے منصوبوں کو نقصان پہنچانے سے باز رہنے کی سخت تاکید کی ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے یا ایسا کرنے کی معمولی سی کوشش کرنے والوں کو بھی 14 سال تک کی طویل قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے جن متعدد مجسموں اور فواروں کو دوبارہ تعمیر اور صاف کیا گیا ان میں سے صرف لنکن میموریل کے عکسی تالاب کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کی فوری مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس تاریخی تالاب کو گہرا زخم لگایا گیا ہے اور اس کے پانی میں غیر قانونی طور پر کیمیاوی مواد شامل کیا گیا ہے جبکہ تالاب کے خوبصورت سبزہ زار پر کیمیکل کی مدد سے مخصوص ہندسے بھی کندہ کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ لنکن میموریل عکسی تالاب کی بحالی کا یہ منصوبہ 14 ملین ڈالر کی خطیر رقم سے مکمل کیا گیا تھا تاہم تکمیل کے چند ہی دنوں بعد اس میں کائی جمنے اور فرش کا رنگ اکھڑنے کی وجہ سے انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تالاب کے پانی کو چھونے کے الزام میں اب تک دو افراد کے خلاف کارروائی کی ہے جن میں سے ایک شخص کو گزشتہ ہفتے کے آخر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ صدر نے واضح کیا ہے کہ قومی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کو پوری طاقت سے نافذ کیا جائے گا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here