ریاض ( پاکستان نیوز) سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال محدود حج ہو گا،ملک میں مختلف قومیتوں کے سعودی عرب میں مقیم افرادہی فریضہ حج ادا کریں گے ، باہر سے کوئی بھی حج کرنے نہیں آسکے گا۔ سعودی وزارت حج کے جاری اعلامیہ کے مطابق امسال محدود حج ہوگا۔ دنیا کے 180 سے زیادہ ملکوں میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود تعداد میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے شہریوں کو حج کا موقع دیا جائے گا۔ کورونا کی وبا کے ماحول، دنیا بھر میں وائرس کے پھیلنے کے خطرات اور روز بروز دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر طے کیا گیا ہے کہ اس سال حج میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے عازمین کو محدود تعداد میں شریک کیا جائے گا۔یہ فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ حج محفوط ،صحت ماحول میں ہو۔ حج میں کورونا سے بچاو¿ کے تقاضے پورے کیے جا ئیں گے۔ عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جا ئے گا تاکہ انسانی جان کے تحفظ سے متعلق اسلامی شریعت کے مقاصد پورے کیے جاسکیں، وزارت حج دنیا بھر کے مسلمانوں کو یقین دلانا چاہتی ہے کہ یہ فیصلہ حرمین شریفین کے زائرین کی صحت و سلامتی کے جذبے سے کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کورو نا کی وجہ سے مملکت سعودی عرب نے بیت اللہ کے مہمانوں اور مسجد نبوی? کے کے زائرین کو صحت اور امن وسلامتی کے ساتھ حج اور عمرہ کی ادائیگی کرانے کے حوالے سے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے کورونا وائرس کے آغاز اور کچھ ممالک میں وباکے منتقل ہونے کے فوری بعد سے ہی اللہ کے مہمانوں کی حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جس کے نتیجے میں عازمین عمرہ کی آمد کو معطل کی گیا اور مقدس سرزمین میں موجود عازمین پر ہی اکتفا کیا گیا چونکہ یہ فیصلہ عالمی سطح پر وبا کا مقابلہ کرنے اور وائرس روکنے کے حوالے سے عالمی صحت کی تنظیمو ں کی طر ف سے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کے نتیجے میں لیا گیا تھا اس لئے اسے عالم اسلام میں اور دنیا بھر میں کا فی سراہا گیا۔خادم حرمین شریفین کی حکومت جسے ہرسال لاکھوں عازمین حج اور عمرہ کی خدمت کرنے کا اعزاز حاصل ہے اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ یہ فیصلہ زائرین کی سلامتی اور حفاظت کے حوالے سے مملکت کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔وزارت حج نے اپنا بیان اس دعا پر ختم کیا کہ اللہ تعالی دنیا کے تمام ممالک کو اس وبا سے محفوظ رکھے اور انسانیت کو ہر طرح کے نقصان سے بچائے ،بلاشبہ اللہ تعالی ٰہر چیز پر قادر ہے۔ دریں اثنا سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بن بنتن نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حج کے فیصلے کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا، وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق صورتحال سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا جس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی کے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔