ہیوسٹن(بیورو رپورٹ)حسب حال ہائے گزشتہ اس سال بھی ہیوسٹن میں محرم الحرام کے مہینے کا آغاز عزت واحترام کیساتھ شروع ہوچکا ہے۔اہل تشیع اور اہل سنت کی مساجد، سینٹرز اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا کا آغاز ہوچکا ہے جس میں اہالیان ہیوسٹن بڑی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں ۔ خاص بات یہ ہے کہ اس مرتبہ ایس او پیز کا خاص طور پر خیال رکھا جارہا ہے۔ لوگوں کو مساجد اور مراکز میں داخل ہونے سے قبل درجہ حرارت چیک کیا جاتا ہے۔ہاتھوں کو سیناٹائز کیا جاتا ہے اور ماسک کا پہنا لازمی ہے جن کے پاس نہیں ہوتا انہیں انتظامیہ اپنے پاس سے مفت ماسک دے رہی ہے۔کچھ مقامات پر بڑی بڑی اسکرینیں آویزاں کی گئی ہیں تاکہ جو لوگ اندر بیٹھ کر مجالس نہ سننا چاہیں تو وہ باہر بیٹھ کر سن سکتے ہیں۔مراکز کے اندر بھی چھ چھ فٹ کے فاصلے پر نماز اور مجالس کیلئے نشانات لگائے گئے ہیں جن کی شرکاء پابندی کر رہے ہیں۔جمعے کی شب بعداز مجلس ایک شبینہ جلوس الغدیر امام بارگاہ سے برآمد ہوا جس میں تابوت، علم اور ذوالجناح کی شبیہات بھی شامل تھیں۔اتوار کسی سہ پہر دو بجے انجمن پاسبان عزا کے زیراہتمام مرکزی جلوس عزا ہیوسٹن کے ڈائون ٹائون میں پرمن پارک سے برآمد ہوا۔جلوس میں مومنین اور مومنات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور ایس او پیز کا خاص خیال رکھا۔جلوس میں شبیہہ ذوالجناح، تعزی،تابوت اور علم بھی بڑی تعداد میں شامل تھے۔جلوس کے دوران کئی مقامات پر مقررین نے انگریزی میں تقاریب کیں اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔جلوس سے پہلے نماز ظہرین ادا کی گئی جس کے بعد مجلس عزا برپا ہوئی۔بعدازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں پر سے گزرتا ہوا سٹی حال ڈائون ٹائون میں اختتام پذیر ہوا۔تمام راستوں میں نوحہ خواں اور ماتم گسار نوحہ خوانی اور ماتم حسین کرکے نذرانہ عقیدت پیش کرتے رہے۔مرکزی جلوس میں اسلامک ایجوکیشن سینٹر، الغدیر فائونڈیشن، درعباس اور المرتضیٰ امام بارگاہوں سے وابستہ انتظامیہ اور علمائے کرام نے شرکت کی۔بدھ کو بعداز نماز مغربین تمام امام بارگاہوں میں مجالس شام غریباں بپا ہوں گی جن میں ذاکرین شہادت امام مظلوم کربلا کے مصائب اور آلام بیان کریں گے۔