نیویارک (پاکستان نیوز)سلطان محمود چوہدری 24 اگست کو عہدہ سنبھالیں گے سلطان محمود چوہدری 24 اگست کو عہدہ سنبھالیں گے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد جموں و کشمیر کے صدر منتخب ہوگئے۔آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ عام انتخابات میں میرپور سے رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہونے والے تجربہ کار پارلیمنٹیرین بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 34 ووٹ حاصل کیے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 16 ووٹ حاصل کیے۔آزاد جموں و کشمیر کے موجودہ صدر سردار مسعود خان 24 اگست کو اپنی آئینی مدت صدارت پوری ہونے پر سبکدوش ہوجائیں گے، جس کے بعد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ان کی جگہ لیں گے۔صدارتی انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کامیابی کے اعلان ہوتے ہیں ٹوئٹر پر انہیں مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ ‘پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود کو آزاد کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد اور ڈھیروں دعائیں، انشااللہ آپ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق کشمیریوں کے حقوق کے لیے اعلیٰ کردار ادا کریں گے اور کشمیر میں حقیقی تبدیلی لے کر آہیں گے’۔خیال رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 25 جولائی کو منعقدہ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ایل اےـ3 میرپور تھری سے عام انتخابات میں ساتویں اور مجموعی طور پر نویں مرتبہ منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جن میں دو ضمنی انتخاب بھی شامل ہیں۔