واشنگٹن(پاکستان نیوز) سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر کملا ہیرس پر غلط الزامات لگانا شروع کردئیے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کو ایک ریلی میں خطاب کرتے ہوئے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا زیادہ تر وقت ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس پر تنقید اور الزامات لگانے پر گزرا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کملا ہیرس میں یہود مخالف اور دشمنی کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ یہودی لوگوں اور اسرائیل کو پسند نہیں کرتیں، وہ ہمیشہ ایسی ہی رہیں گی وہ بدلنے والی نہیں ہیں۔ سابق صدر نے کملا ہیرس کو ناکام نائب صدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ میں ججوں کو کیتھولک ہونے کی وجہ سے مسترد کردیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف کملا ہیرس پر اسقاط حمل کے قانون سے متعلق بھی جھوٹا الزام لگایا۔ میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے صدر جوبائیڈن اور کملا ہیرس کے بارے میں غلط دعوی کیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کی عمر کو بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ کملا ہیرس موسمیاتی تبدیلی کو روکنے کے لیے گوشت کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے قانون پاس کرنا چاہتی ہیں۔ سابق صدر نے کملا ہیرس سے متعلق جھوٹا دعوی کیا کہ انہوں نے دنیا بھر سے 2 کروڑ غیر قانونی غیر ملکیوں کو امریکا آنے کی اجازت دی۔