ٹیکسلا(پاکستان نیوز)صدر جو بائیڈن کے مشیر کلچرل اینڈ آرٹ شاہد احمد خان نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ کئی دہائیوں سے تجارت سمیت مختلف شعبہ جات میں معاونت کررہا ہے، امریکہ پاکستانی قوم کے لئے امداد کی فراہمی اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے کوشاں رہا ہے اور پاکستانی قوم کیلئے نیک خواہشات رکھتا ہے، امریکہ اور پاکستان کے درمیان کلچر کے فروغ اور عوامی سطح پر باہمی روابط کو مستحکم کرنا میرے دورہ پاکستان کا اہم مقصد ہے آج حکومتی اقدامات کے باعث پاکستان کے حالات اس قدر بہتر ہو چکے ہیں کہ غیر ملکی سیاح بلاخوف و خطر پاکستان کے تاریخی مقامات دیکھنے اور پاکستانی کلچر کو سمجھنے کے لئے آزادانہ طور پرآجاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ ٹیکسلا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ شاہد احمد خان جب ٹیکسلا پہنچے تو ان کا استقبال پاک رومانیہ فرینڈز شپ کے صدر ذیلدار سید ظہیر الحسن شاہ اور سید احسن شاہ نے کیا۔ اس موقع پر ٹیکسلا میوزیم کے کیوریٹر، آرکیالوجی کے ذمہ داران کے علاوہ انکل عثمان، رفیق بٹ بھی موجود تھے اس موقع پر سید احسن شاہ نے ٹیکسلا شہر کو ہسٹریکل سٹی قرار دلوانے میں امریکہ کے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ اس کے تاریخی مقامات، گندھارا تہذیب و تمدن کے آثار اور گندھارا آرٹ کو محفوظ کیا جا سکے۔ صدر جو بائیڈن کے مشیر شاہد احمد خان نے ٹیکسلا میوزیم اور گندھارا آرٹ ویلج ٹیکسلا کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں بریفنگ دی گئی۔