واشنگٹن(پاکستان نیوز)امریکہ بھر میں شہری انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جولائی سے ستمبر تک ہونےوالے تمام بڑے اجتماعات پرمٹ منسوخ کردیئے گئے ہیں۔یہ اقدام کرونا وبا کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔سٹی انتظامیہ کے مطابق وبا پر مکمل طور پر قابو پانے تک بڑے اجتماعات کا کم ازکم ستمبر تک رسک نہیں لیا جاسکتا۔نیویارک سٹی سمیت تمام امریکی شہروں کے اس فیصلے کی وجہ سے نیویارک میں ہر سال مختلف ممالک کے ایام آزادی ودیگر مواقع پر منعقد ہونےوالے فیسٹیول(میلے)اور پریڈیں بھی منعقد نہ ہوسکیں گی۔ان کے علاوہ مذہبی جلسہ وجلوس کا انعقاد بھی بند ہوگا۔پاکستانی امریکن کمیونٹی ہر سال روایتی خوش وخروش کے ساتھ یوم آزادی پر میلے منعقد کرتی ہے اور نیویارک سٹی میں پریڈ منعقد کرتی ہیں۔یہ اجتماعات بھی سٹی کی مذکورہ نئی پالیسی کے تحت ممکن نہیں ہوں گے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی بیشتر ریاستوں میں کرونا وائرس قابو میں آرہا جس کی وجہ سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اکتوبر نومبر میں وائرس کی نئی لہر آنے کا امکان ہے۔اس لیے تمام اجتماعات وجلوس پر پابندی ہوگی۔