امریکی شہریت رکھنے والے حکومتی عہدیدار نے 2ارب 75کروڑ کے اثاثے ظاہر کیے ہیں
اسلام آباد(پاکستان نیوز)معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے پیٹرولیم ڈویژن کے ذیلی اداروں میں ہی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ تیل ، گیس ، پاور سیکٹر میں کروڑوں روپے کے شیئر خرید رکھے ہیں جبکہ مشترکہ سرمایہ کاری بھی کروڑوں میں ہے ،ندیم بابر امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں ، کابینہ ڈویژن کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی پیٹرولیم کی سوئی ناردرن، سوئی سدرن میں سرمایہ کاری ہے، پی ایس او اور او جی ڈی سی میں پانچ پانچ سو شئیرز کے مالک ہیں جبکہ سوئی ناردرن اور سدرن میں بھی شئیرز خرید رکھے ہیں،وہ اس کے علاوہ پی پی ایل میں بھی پانچ سو شئیرز کے مالک ہیں۔معاون خصوصی نے اورینٹ پاور، فونکس، این وائی ٹی انرجی میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے، ان کا اورسن پاور، صبا پاور، فیوچر انرجی پارٹنرز میں کاروبار ہے۔اورینٹ پاور کمپنی میں پچانوے کروڑ روپے جبکہ اورسن سولر پاور میں تیرہ کروڑ تیس لاکھ روپے کا کاروبار ہے۔ واضح رہے کہ ندیم بابر نے 2 ارب 75 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ظاہر کئے ہیں۔