رحیم یار خان:
چک 7 این پی میں نکھٹو شوہر نے خرچہ مانگنے پر بیوی اور بیٹی کو ٹوکے کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا جب کہ پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
چک 7این پی کا رہائشی اللہ دتہ بے روزگار تھااور بیوی شاہدہ کے ساتھ گھر کے خرچ پر اکثر جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز بھی بیوی نے بچوں کی فیس کے سلسلے میں تکرار کی جس پر طیش میں آکر اللہ دتہ نے ٹوکے کے پے درپے وار کرکے شاہدہ اور 16 سالہ بیٹی شہناز کو قتل کر دیا۔
اہل علاقہ نے اس کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، دوسری دہرے قتل کی لرزہ خیز واردات بستی خانپور چاچڑاں موضع ڈیرہ شمس میں پیش آئی۔
جہاں ذرائع کے مطابق 19 سالہ ماریہ بی بی نے موضع سربھوری کے رہائشی عبدالعزیز سے خفیہ طور پر شادی کر رکھی تھی جبکہ عبدالعزیز کے ورثااسے بہو تسلیم کرنے سے انکاری تھے جس پر وہ اپنی والدہ کلثوم بی بی کے پاس رہائش پذیر تھی۔
گزشتہ شب دونوں ماں بیٹی گھر کے صحن میں سوئی ہوئی تھیں کہ 3 مسلح ملزمان داخل ہوئے ماں بیٹی کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔