نائب کپتان کو ایکشن میں دیکھ کر مینجمنٹ کا چہرہ ’’شاداب‘‘

0
136

لاہور:

نائب کپتان کو ایکشن میں دیکھ کرمینجمنٹ کا چہرہ ’’شاداب‘‘ ہو گیا، بابر اعظم کے ٹی  20 سیریز سے باہر ہونے کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق کی پریشانی کچھ کم ہو گئی، فٹنس کی بحالی کیلیے کوشاں شاداب خان نے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی شروع کردی۔

جمعے کو پہلے ٹی  20 میں ان کی شرکت کا امکان روشن ہے،گذشتہ روز ٹارگٹ میچ کھیلا گیا،افتخار احمد نے48گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں غیر متاثرکن کارکردگی کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر رہنے والیمڈل آرڈر بیٹسمین کی پلیئنگ الیون میں واپسی کا امکان روشن ہوگیا۔

عبداللہ شفیق نے 38 اور حسین طلعت نے 24 رنز بنائے، فہیم اشرف نے 2 وکٹیں حاصل کیں،انجرڈ بابر اعظم اور امام الحق فزیکل ٹریننگ تک محدود رہے، قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی کوئنز ٹاؤن میں تیاریوں کا مرحلہ مکمل ہوگیا، پہلے معرکے کیلیے گرین شرٹس کا منگل کو آکلینڈ میں پڑاؤ ہوگا،دوسری جانب پاکستان شاہینز وانگرائے پہنچ گئے، نیوزی لینڈ اے کیخلاف 4 روزہ میچ جمعرات کو شروع ہوگا، ٹیسٹ پلیئرز مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرینگے۔تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کے انجرڈ ہونے کے بعد ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت نائب کپتان شاداب خان کو سنبھالنا ہے۔

ٹانگ میں کھنچاؤ محسوس کرنے پر اتوار کو انھوں نے بولنگ سے گریز کیا تھا،آل راؤنڈر نے گذشتہ روز بیٹنگ کے ساتھ بولنگ پریکٹس بھی کی جس سے ٹیم مینجمنٹ کی جان میں جان آگئی، ٹیم ڈاکٹر شاداب کی انجری کا جائزہ لیتے رہے توقع یہی ہے کہ وہ جمعے کو پہلے میچ میں حصہ لیں گے،گذشتہ روز قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ نے کوئنز ٹاؤن کے ایونٹ سینٹر میں تیسرا اور آخری ٹارگٹ میچ کھیلا، ہیڈ کوچ مصباح الحق نے صرف اسپیشلسٹ بیٹسمینوں کو کریز پر آنے کا موقع دیتے ہوئے بولرز کو اہداف ناممکن بنانے کا ٹاسک دیا۔

اس دوران مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد بھرپور فارم میں نظر آئے،انھوں نے صرف 48 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں تمام بولرز کے صبر کا امتحان لیا، عبداللہ شفیق نے 38 اور حسین طلعت نے 24 رنز بنائے، فہیم اشرف نے 2 جبکہ وہاب ریاض اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، زمبابوے سے ہوم سیریز کے 3 میچز میں افتخار احمد نے 23کی اوسط سے 46رنز بنائے تھے،البتہ اس دوران ایک اننگز میں 5 وکٹیں لی تھیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here