سانگھڑ:
شاہ پور چاکر کے سرکاری اسپتال کی خراب ایمبولینس نے نوجوان کی جان لے لی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سانگھڑ شاہ پور چاکر کے ایک سرکاری اسپتال میں سرکاری ایمبولینس خراب ہونے کے باعث نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ ایمبولینس اسٹارٹ نہ ہونے کے باعث دل کا دورہ پڑنے والے نوجوان انور شاہ نے ایمبولینس میں ہی جان دے دی۔
ذرائع نے بتایا کہ انور شاہ نامی نوجوان کو دل کا دورہ پڑنے پر شاہ پور چارکر کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسپتال میں متعلقہ عملہ نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان کو نواب شاہ منتقل کرنا پڑا، لیکن اسپتال میں موجود ایمبولینس اسٹارٹ ہی نہ ہو سکی، پولیس اہلکار اور وہاں موجود شہریوں نے ایمبولینس کو دھکے بھی لگائے لیکن ایمبولینس اسٹارٹ نہ ہوئی اور نوجوان نے ایمبولینس میں ہی تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ متوفی نوجوان انورشاہ ایک سماجی تنظیم کا ملازم اور پولیس اہلکارکا بیٹا ہے۔