دہلی:
بھارت میں مسلم نوجوان پرتشدد سمیت زبردستی ’پاکستان مردہ باد اورہندوستان زندہ آباد‘ کا نعرہ لگوانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارت کے دارالحکومت دہلی کے علاقے کھجوری خاص میں پیش آئے واقعے کی ایک وڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص زبردستی مسلم نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے اورساتھ ساتھ کہہ رہا ہے کہ وہ پاکستان مردہ باد اورہندوستان زندہ آباد کا نعرہ لگائے۔
وڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ اجے گوسوامی مسلم نوجوان پرتشدد کررہا ہے اور اسے بار بار پاکستان مخالف نعرے لگانے کا کہہ رہا ہے جب کہ مسلم نوجوان اس سے پناہ مانگ رہا ہے۔
پولیس کی جانب سے تشدد کرنے والے شخص اجے گوسوامی کو گرفتارکرلیا گیا ہے جب کہ واقعہ کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے متاثرہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
پولیس کے مطابق اجے گواسوامی گذشتہ برس دہلی میں ہونے والے مسلم کش فسادات سے حوالے سے جیل کاٹ چکے ہیں اور چند روزقبل ہی وہ ضمانت پررہا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ دہلی میں پولیس اور حکومتی سرپرستی میں انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مسلم کش فسادات میں گزشتہ برس درجنوں افراد مارے گئے تھے۔