شاندار افطار ڈنر کے انعقاد میں ریاض کھوکھر نے اہم کردار ادا کیا، مفتی عتیق الرحمان نے تلاوت قرآن پاک جبکہ مفتی قمر نے مختصر خطاب کیا، اصغر چشتی نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا
نیویارک بھر ، پانچو ں بوروز ،لانگ آئی لینڈ ، نیوجرسی و دیگر ریاستوں سے ہر مکتبہ فکر کے افراد نے افطار ڈنر میں شرکت کی ،’’ پاکستان نیوز‘‘ کی خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا
نیویارک میئر الیکشن کے امیدوار ایرک ایڈمز ، نیویارک اسٹیٹ گورنر کے امیدوار ٹام سوازی نے بھی ’’پاکستان نیوز‘‘ کی خدمات کو سراہا جبکہ قونصل جنرل عائشہ علی نے بھی شرکت کی
پبلشر مجیب لودھی اور ان کی فیملی نے افطار ڈنر میں تشریف لائے مہمانان گرامی کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور خوش آمدید کہا ، کمیونٹی نے کامیاب افطار ڈنر پر مجیب لودھی کو مبارکباد دی
نیویارک(پاکستان نیوز) امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے سب سے بڑے اردو اخبار’’ پاکستان نیوز‘‘ کے سالانہ17 ویں افطار ڈنر کاکامیاب انعقاد کیا گیا،پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی،’’پاکستان نیوز ‘‘کا سالانہ افطار ڈنر کمیونٹی کا بڑا اکٹھ ثابت ہوا۔افطار ڈنر میں گانگریس مین ٹام سوازی، میئر نیویارک کے مضبوط امیدوار ایرک ایڈمز، چیف نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ، پاکستانی قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی خان بھی شریک ہوئیں۔ ’’پاکستان نیوز‘‘ کے پبلشر و چیف ایڈیٹر مجیب ایس لودھی اور ان کی فیملی نے تمام معروف مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے خوش آمدید کہا۔سکالر مفتی قمر کے صاحبزادے عتیق الرحمان نے قرآن پاک کی تلاوت کی جبکہ مفتی قمر نے مختصر خطاب کیا۔ معروف نعت خواں اصغر چشتی نے نعت پڑھی جبکہ پاکستان کے معروف نعت خواں امجد حسین نے خصوصی شرکت کی۔افطار ڈنر کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ ڈاکٹر پیر تصور حسین گیلانی نے ماہ رمضان کی اہمیت بیان کی، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں آپس میں بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ اپنے کمیونٹی کے کمزور طبقے کے ساتھ اظہار ہمدردی کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ماہ رمضان میں اللہ تعالیٰ اپنے لوگوں پر خاص کرم کرتا ہے اور اس مہینے میں ہمیں اپنی کمیونٹی کے غرباء کا بھی خاص خیال رکھنا چاہئے۔ مجیب لودھی نے شرکا کی آمد پر شکریہ ادا کیا جبکہ گانگریس مین ٹام سوازی، امیدوار میئر نیویارک ایرک ایڈمز اور قونصل جنرل عائشہ علی خان نے افطار ڈنر کے شرکا سے خطاب میں افطار ڈنر کو پاکستانی کمیونٹی کے ا تحاد کا شاندار مظاہرہ قرار دیا۔ ٹام سوازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا مجیب لودھی ہر سال اس افطار ڈنر کا اہتمام کرتے ہیںاور میں اسے کمیونٹی کی طاقت کا مظہر سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پاکستانی کمیونٹی سے ایک خاص رشتہ ہے اور وہ تمام پاکستانی لوگوں کے ساتھ ساتھ دیگر مسلم کمیونٹیز کو بھی رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہیں۔ اس موقع پر ٹام سوازی نے پاکستانی کمیونٹی سے گزارش کی کہ وہ میئر نیویارک کے انتخابات میں ایرک ایڈمز کا بھرپور ساتھ دیں۔ ایرک ایڈمزنے اس موقع پر خطاب میںمجیب لودھی کا شکریہ ادا کیا کہ جنھوں نے اتنے شاندار افطار ڈنر کا اہتمام کیا جہاں نیویارک کے کونے کونے سے کمیونٹی کے لوگ شریک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت پر اُمید ہے کہ پاکستانی کمیونٹی انتخابات میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔ ایڈمز نے مزید کہا کہ پاکستانی یا کسی بھی مسلم کمیونٹی پر جب بھی کوئی کڑا وقت آیا تو انہوں نے کھل کر ان کا ساتھ دیا۔ پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے افطار ڈنر میں کمیونٹی کے سبھی لوگ شامل ہیں اورمجیب لودھی نے کمیونٹی کے اتحاد کی نئی مثال قائم کی ہے۔ اْنھوں نے کہا کہ اس سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی ایک شاندار مثال قائم ہوئی ہے۔ قونصل جنرل عائشہ علی خان نے بھی پاکستانی کمیونٹی کو رمضان المبارک کی مبارک باد دی۔ افطار کی دعا کے بعد شرکاء میں افطار باکس تقسیم کیے گئے۔نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی جس کے بعد متعدد لذیذ کھانوں سے شرکا کی تواضع کی گئی۔بعد ازاں خصوصی گفتگو میں کانگریس مین ٹام سوازی، ایرک ایڈمز ، قونصل جنرل عائشہ علی خان نے پاکستانی کمیونٹی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔افطار ڈنر نے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے ’’پاکستان نیوز‘‘ کو کمیونٹی کے لیے افطار ڈنر کی سالانہ روایت کو برقرار رکھنے پر خراج تحسین پیش کیا اور انتظامات کو بے حد سراہا۔ شرکاء نے کہا کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ ’’پاکستان نیوز‘‘ نے اپنی روایت کو برقرار رکھا اور اس افطار ڈنر میں کمیونٹی کے تمام افراد شریک ہوتے ہیں جس سے باہمی ملاقات کا ایک موقع ملتا ہے جبکہ امریکی حکام کے موجودگی میں اس میں اتنے بڑے اکٹھ سے پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد کا بھی شاندار مظاہرہ ہوا۔ افطار ڈنر کے میزبان مجیب ایس لودھی نے خصوصی گفتگو میں تمام مہمانوں کی آمد کو ’’پاکستان نیوز‘‘ سے ان کی محبت قرار دیا۔ مجیب ایس لودھی نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے سالانہ افطار ڈنر کی اس روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔صرف گزشتہ برس کرونا وبا کے پیش نظر افطار ڈنر موخر کیا گیا تھا۔انہوں نے ریاض کھوکھر کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ اس تقریب کو کامیاب بنانے میں انہوں نے بھرپور معاونت فراہم کی۔افطار ڈنر کے بعد لوگوں نے خوب خوش گپیاں کیں جبکہ ٹام سوازی اور ایرک ایڈمزبھی پاکستانی کمیونٹی میں گھل مل گئے،مہمانوں نے دونوں امریکی حکام کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔مجیب لودھی نے اختتا م پر تمام مہمانوں و شرکاء کے علاوہ ’’پاکستان نیوز‘‘ کے سپونسرز و اشتہارات دینے والوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تمام شرکاء نے لذیذ کھانوں اور سروس کی بہت تعریف کی۔