اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تیز رفتاری کے ساتھ بہتری کا سفر جاری رکھا ہوا ہے اور کے ایس ایـ100 انڈیکس 294.92 پوائنٹس یا 0.62 فیصد اضافے کے ساتھ چار سال کے بعد 48 ہزار کی سطح عبور کر گیا ہے۔ کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور پورا دن بہتری کا سفر جاری رہا اور اس موقع پر 48 ہزار 237.61 پوائنٹس کی بلند ترین سطح اور 47 ہزار 896.34 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر پہنچی، دن کے اختتام پر انڈیکس 48 ہزار 191.26 پوائنٹس پر بند ہوا۔ بینچ مارک انڈیکس میں 316 پوائنٹس کا اضافہ ہونے کے بعد پی ایس ایکس صبح 11 بجے کے قریب 48 ہزار 212 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔ تیل اور گیس کی کمپنیوں نے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جس سے انڈیکس میں 61 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ اس کے بعد کمرشل بینکوں اور سیمنٹ نے بالترتیب 57 اور 47 پوائنٹس کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ کمپنی کے لحاظ سے بات کی جائے تو حبیب بینک لمیٹیڈ، اینگرو، پی او ایل اور او جی ڈی سی نے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس اکٹھے کیے۔ پیر کے روز مئی کے آخری دن کے ایس ای 100 انڈیکس 770 پوائنٹس یا 1.63فیصد کی ایک بڑی چھلانگ لگا کر 47 ہزار 896 پوائنٹس پر بند ہوا، پیر کے دن سمیت مارکیٹ نے مئی میں 3 ہزار 634 پوائنٹس یا 8.2 فیصد کے سب سے زیادہ ماہانہ فوائد حاصل کیے۔