میر شکیل الرحمن کے سر پر 14 سال قید با مشقت کی تلوار لٹکنے لگی

0
247

اسلام آباد(پاکستان نیوز) جنگ و جیو کے مالک میر شکیل کے خلاف غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں ایک اور گواہ پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ نیب ذرائع کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملزم میر شکیل کے خلاف ایک اور گواہ پیش کئے جانے کا امکان ہے، نئے گواہ کی جانب سے مزید سنسنی خیز انکشافات ہونگے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب افسران کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں، الزام ثابت ہونے پر ملزم میر شکیل کو 14سال قید با مشقت کا سامنا کرنا ہوگا۔ نیب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ احتساب عدالت نے ڈائریکٹر پلاننگ واسا ذیشان بلال کو بھی اگلی پیشی پر بیان کیلئے طلب کیا ہے، غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی آئندہ سماعت 29 جون کو ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نیب ریفرنس میں میر شکیل، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض رسول اور بشیراحمد کو گنہگار قرار دیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم میر شکیل نے اس وقت کے وزیراعلیٰ نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کئے، ملزم کا ایگزمپشن پر ایک ہی علاقے میں پلاٹ حاصل کرنا ایگزمپشن پالیسی 1986 کی خلاف ورزی ہے۔ نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملزم میر شکیل نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کرلیں، ملزم میر شکیل نے اپنا جرم چھپانے کیلئے پلاٹ اپنی اہلیہ اور کمسن بچوں کے نام پر منتقل کروائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here