کراچی:
سابق کرکٹر باسط علی نے دعویٰ کیاکہ بھارت پاکستان کو ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کرنے کیلیے بنگلادیش اور سری لنکا سے جان بوجھ کر ہار سکتا ہے۔
’’کرکٹ پاکستان‘‘ ویب سائٹ کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرے، اس کے بنگلادیش اور سری لنکا سے ابھی میچز باقی ہیں، جس انداز میں بلو شرٹس افغانستان سے کھیلے وہ سب نے دیکھا، لوگ نہیں کہیں گے کہ وہ جان بوجھ کر ہارے، بھارت ایسے انداز میں کھیلے گا کہ کوئی بات بھی نہیں کرسکے گا۔ جب وہ آسٹریلیا سے کھیلے تھے تو اس میچ میں ڈیوڈ وارنر نے اچھی بیٹنگ نہیں کی۔
باسط علی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 1992 کے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ لیگ اسٹیج میں پاکستان سے جان بوجھ کر ہارا تھا،عمران خان بھی اس بات سے اتفاق کریں گے،کیویز اپنے ہی ملک میں سیمی فائنل کھیلنے کیلیے ہارے تھے۔