بیٹسمین باؤنسی بالز پرخصوصی مشقیں کرنے لگے

0
151

لاہور:

پاکستانی اسکواڈ کی ڈربی میں ٹریننگ کے دوران باؤنسی گیندوں پر خصوصی مشقیں کرائی گئیں، پیسرز حوصلہ آزماتے بیٹسمین اسٹروکس سے جواب دینے کیلیے کوشاں رہے، عابد علی بھی ایکشن میں نظر آئے، دوسرا 4روزہ پریکٹس میچ جمعے کو شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ڈربی میں موجود پاکستانی کرکٹرز نے پہلا 4روزہ پریکٹس میچ کھیلنے کے بعد ایک روزآرام کیا، چند کھلاڑیوں نے اپنے طور پر ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا،گذشتہ روز دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کرتے ہوئے صبح اور سہ پہر کو الگ الگ سیشنز کیے، اس دوران بیٹسمینوں کو باؤنسی گیندوں پر خصوصی مشقیں کرائی گئیں، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان نے خود بھی اسٹک سے بال تھرو کرتے ہوئے پریکٹس کرائی، دوسری جانب پچز پر ہلکی گھاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بولرز پیس کے ساتھ باؤنس سے بھی بیٹسمینوں کا حوصلہ آزماتے رہے،پریکٹس میچ کے دوران ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد آرام کرنے والے عابد علی کی میدان میں واپسی ہوگئی۔

انھوں نے پیسرز کی گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اچھے اسٹروکس کھیلے،شان مسعود اور بابر اعظم بھی پْراعتماد نظر آئے،اظہر علی اور اسد شفیق نے فاسٹ کے بعد سلو بولرز کو کھیلتے ہوئے اپنی فارم بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھی،محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ سمیت پیسرز نے بھی اچھے ٹریکس پر بولنگ کا خوب لطف اٹھایا، یاسر شاہ، شاداب خان، کاشف بھٹی اور عماد وسیم نے الگ نیٹ میں اسپن کا جادو جگانا چاہا، مشتاق احمد کامیابی کے گْر سیکھاتے رہے، دونوں سیشنز میں کھلاڑیوں نے وارم اپ کے بعد فٹنس ڈرلز کا سلسلہ بھی جاری رکھا،چھوٹے بیٹ سے اچانک اچھالی گیندوں پر سلپ کیچز کی مشقیں بھی کی گئیں، جمعرات کو بھی صبح اور سہ پہر کے 2 سیشنز ہوں گے، دوسرا 4روزہ پریکٹس میچ جمعے کو شروع ہوگا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here