بھوک؛پاکستان 92 ، بھارت 101نمبر پر

0
293

واشنگٹن(پاکستان نیوز) دنیا بھر میں بھوک کا شکار 116 ممالک کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ جس میں پاکستان کا 92واں نمبر ہے جبکہ بھارت 101ویں نمبر پر موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2007 سے آئرلینڈ کی امدادی ایجنسی کنسرن ورلڈ وائڈ آف آئرلینڈ اور ویلٹ ہنگر ہلف مشترکہ طور پر ہر سال بھوک سے دوچار ممالک کی عالمی فہرست جاری کی ہے۔ ہر سال ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے آف پاکستان کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کی جانب سے کرائے جانے والے غذائیت سے متعلق سروے سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے ایک رپورٹ مرتب کی جاتی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سروے میں ترقی یافتہ ممالک کو شامل نہیں کیا جاتا رواں سال پاکستان 24.7 پوائنٹس کے ساتھ 116 ممالک میں 92ویں نمبر پر ہے۔ بھارت 101ویں نمبر پر ہے لیکن خطے کے دیگر ممالک پاکستان کے مقابلے بہتر درجہ بندی پر موجود ہیں۔ سری لنکا اس فہرست میں 65ویں جبکہ نیپال اور بنگلہ دیش 76ویں نمبر پر موجود ہیں۔ اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ کے اعداد و شمار تشویشناک ہیں کیونکہ کئی سالوں سے بھوکے اور غریب لوگوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے۔ آج دنیا میں تقریبا 81 کروڑ 10 لاکھ لوگ بھوک کا شکار ہیں اور 4 کروڑ 10 لاکھ لوگ قحط کے دہانے پر ہیں، جبکہ 47 ممالک 2030 تک بھوک کی کم سطح تک نہیں پہنچ پائیں گے۔ ان میں سے 28 ممالک کا تعلق افریقہ سے ہے۔ پاکستان کی صورتحال واضح کرتی ہے کہ 2000 سے بھوک اور غذائیت کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے کیونکہ یہ تناسب سال 2000 میں 36.7 پوائنٹس، سال 2006 میں 33.1 پوائنٹس، 2012 میں 32.1 پوائنٹس اور 2021 میں پوائنٹس مزید کم ہو کر 24.7 پر آگیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here