نیویارک(پاکستان نیوز) دنیا بھر میں 20برسوں میں1700 صحافی قتل ہوئے، رپورٹر ود آٹ بارڈر، صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹر ود آٹ بارڈر (آر ایس ایف)کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 20 برس کے دوران دنیا بھر میں 1700 صحافی قتل ہوئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیرس میں مقیم میڈیا کے حقوق کی مہم چلانے والے تنظیم آر ایس ایف نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 2003 سے 2022 کی دو دہائیاں خاص طور پر معلومات کی رسائی کے حق پر عمل کرنے والے صحافیوں کے لیے خونی رہی ہیں۔آر ایس ایف کے سیکرٹری جنرل کرسٹوف ڈیلائر نے کہا کہ موت کا شکار ہونے والوں میں وہ شخصیتیں، ٹیلنٹ اور عزم شامل ہے جنہوں نے اپنی زندگی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے معلومات تک رسائی حاصل کرنے، سچ کی تلاش اور صحافت کے جذبے کے لیے قیمت ادا کی۔رپورٹ کے مطابق عراق اور شام صحافیوں کے لیے خطرناک ترین رہے ہیں جہاں گزشتہ 20 برس میں 578 صحافیوں کو قتل کیا گیا جو کہ دنیا میں قتل ہونے والے صحافیوں کی ایک تہائی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میکسیکو میں 125، فلپائنز میں 107، پاکستان میں 93، افغانستان میں 81 اور سومالیا میں 78 صحافی گزشتہ 20 برس میں قتل ہوئے۔رپورٹ کے مطابق شام میں بڑے پیمانے پر جنگی اقدامات کی وجہ سے 2012 اور 2013 سیاہ ترین سال تھے جہاں 2012 میں 144 اور 2013 میں 143 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 2019 میں صحافیوں کے قتل کی تعداد کم ہوئی مگر 2022 میں روس اور یوکرین میں جنگ کے باعث اعداد و شمار میں اضافہ ہوا جہاں رواں برس ملازمت کرنے والے 58 صحافیوں کو قتل کیا گیا جبکہ 2021 میں 51 صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔رواں برس فروری میں روس کے حملے کے بعد سے یوکرین میں آٹھ صحافی مارے جا چکے ہیں۔