لاہور (پاکستان نیوز) ممتاز عالم دین ، جماعت اہل سنت پنجاب کے امیر مفتی محمد اقبال چشتی انتقال کر گئے ہیں۔ وہ ناروال کے علاقے علی پور سیداں میں ایک پروگرام میں شرکت کے لئے گئے ہوئے تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔ مفتی اقبال چشتی کا شمار پاکستان کے ممتاز علماء دین میں ہوتا تھا۔ وہ گذشتہ کئی سالوں سے ہر سال امریکہ آرہے تھے اور یہاں ماہ محرم میں سالانہ شہات کانفرنس کے مرکزی مقرر ہوتے تھے۔ وہ متعدد بار نیویارک میں انجمن غوثیہ سمیت دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام جلسہ و جلوس میلاد النبیۖ میں بھی مرکزی مقرر کے طور پر شریک ہوتے تھے۔ مفتی محمد اقبال چشتی اپنی شعلہ بیانی اور مخصوص انداز تقریر کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔ امریکہ میں موجود اہل سنت و الجماعت کے علمائ کرام ، امام صاحبان اور کمیونٹی کی جانب سے مفتی محمد اقبال چشتی کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے اور دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مفتی محمد اقبال چشتی کی وفات کی وجہ سے پیدا ہونیوالا خلاء مدتوں پورا نہیں ہوگا۔