نامور اداکار اور ٹی وی لیجنڈ ضیا محی الدین انتقال کر گئے

0
127

لاہور(پاکستان نیوز) نامور اداکار، ہدایت، صداکار اور میزبان ضیا محی الدین نے کراچی میں انتقال کر گئے ہیں، ان کی عمر 91 برس تھی۔ ضیا محی الدین کی نماز جنازہ ڈیفنس میں ادا کی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ضیا محی الدین 20 جون 1931 کو پنجاب کے شہر فیصل آباد (لائلپور) میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد خادم محی الدین تدریس کے شعبے سے منسلک تھے اور انہوں نے پاکستان کی پہلی فلم تیری یاد کی کہانی اور ڈائیلاگ انہوں نے لکھے تھے۔ ضیا محی الدین کچھ عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ ضیا محی الدین نے 1949 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا جبکہ اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ میں بھی تعلیم حاصل کرتے رہے۔ وہ رائل اکیڈمی آف تھیٹر آرٹس سے بھی وابستہ رہے اور ڈائریکشن کی تربیت بھی حاصل کی جبکہ اداکاری اور صداکاری کی طرف بھی آئے۔ 1960 میں ای ایم کے ناول پیسیج ٹو انڈیا پر سٹیج ڈرامہ بنا تو اس میں ضیا محی الدین نے ڈاکٹر عزیز کا کردار ادا کیا تھا جبکہ اس کے بعد مشہور فلم لارنس آف عریبیہ میں بھی کام کیا۔ اس کے بعد بھی وہ سٹیج سے جڑے رہے اور لاتعداد ڈراموں کے علاوہ چند ہالی وڈ فلموں میں بھی کام کیا۔ 1970 میں جب وہ پاکستان آئے تو پاکستان ٹیلی ویژن پر ضیا محی الدین شو کے نام سے سٹیج پروگرام شروع کیا جو بہت مقبول ہوا۔ اسی طرح انہوں نے ایک پاکستانی فلم مجرم کون میں بھی کام کیا تھا۔ وہ پی آئی اے آرٹس اکیڈمی کے ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی کام کرتے رہے۔ ضیا محی الدین ادبی فن پاروں کو صداکاری کے ذریعے پیش کرنے کے لیے خصوصی شہرت رکھتے تھے انہوں نے پی ٹی وی کے علاوہ کئی نجی چینلز کے پروگراموں میں بھی اہم مضامین اور ناولز کے اقتباسات پڑھ کر سنائے۔ ان کو تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سمیت متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here