اسلام آباد(پاکستان نیوز) کاروباری اداروں کے بزنس کانفیڈنس سے متعلق حالیہ سروے میں اکثر کاروباری اداروں نے ملکی سمت پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ گیلپ پاکستان کا 500سے زائد کاروباری اداروں کی رائے پر مبنی بزنس کانفیڈنس انڈیکس جاری، سروے میں 90فیصد کاروباری اداروں نے ملکی سمت کو غلط قرار دیا جبکہ66فیصد نے کاروباری حالات خراب ہونے کا شکوہ کیا۔ سروے نتائج کے مطابق 61فیصد تاجر مستقبل میں معاشی حالات میں بہتری سے بھی مایوس نظر آئے البتہ 38فیصد نے پر امید ہونے کا اظہار کیا۔ سروے میں مسائل سے متعلق سوال پر 45فیصد تاجروں نے مہنگائی کو سب سے اہم مسئلہ قرار دیا جبکہ16فیصد نے کرنسی کی قدر میں کمی اور 7فیصد سے کم نے حکومت سے روز مرہ اشیا کی قیمتو ں میں ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔72فیصد کاروباری اداروں نے پاکستان کے ممکنہ ڈیفالٹ کی خبروں پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے بہتری کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔