نیویارک(پاکستان نیوز) نیویارک کے کونسل مین چارلس بیرن بھی فلسطینیوں کے حق میں کھل کر سامنے آ گئے۔ انہوں نے کہا ہے دنیا میں اگر کوئی سب سے بڑا دہشتگرد ہے تو وہ اسرائیل ہے جس کو بدقسمتی سے امریکہ کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ یہودیوں نے 75سالوں سے فلسطینی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے، یہ یورپی یہودی ہیں جنہوں نے فلسطینی سرزمین پر آباد ہو کر دہشتگردی کا بازار گرم کررکھا ہے۔ امریکہ میں مقیم فلسطینیوں اور ان کے حمایتیوں کو یہودی لابی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، صدر بائیڈن نے اسرائیل جا کر دو ریاستی حل پر بات کی لیکن عوام اتنے بیوقوف نہیں ہیں کہ ان کو چالوں کو نہ سمجھ سکیں۔ اگر امریکہ چاہے تو فلسطین اور اسرائیل دو ملک بن سکتے ہیں صرف زبانی بیانات دینے سے ایسا ممکن نہیں، آپ ایک طرف تو اسرائیل کو جنگی جرائم کی اجازت دے رہے ہیں اور دوسری طرف نت نئے بیانات دے کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں، عوام باشعور اور امریکی انتظامیہ کی ڈبل گیم کو بخوبی سمجھتے ہیں۔