پاکستانی امریکن تاجر تنویر احمد کی اعلیٰ سماجی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا گیا

0
31

اسلام آباد (پاکستان نیوز) صدر آصف علی زرداری نے ہفتہ کو امریکی پاکستانی مخیر تنویر احمد کو پاکستان کی ترقی اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں مدد کرنے پر ان کی خدمات پر پاکستان کے دوسرے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہلال امتیاز اور پرائیڈ آف پاکستان سے نوازا۔ امریکی پاکستانی تاجر کو پاکستان اور اس کے عوام کے لئے ان کی خدمات، دفاعی تعاون بڑھانے، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن کی کوششوں میں کردار ادا کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔ تنویر احمد، جو امریکہ میں مقیم ہیں، نے اپنی انسان دوستی کے ذریعے پاکستان کے تعلیمی، طبی اور سماجی کاموں میں مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ تنویر احمد نے این یو ایس ٹی کے لئے 9 ملین امریکی ڈالر کا عطیہ دیا، سیلاب زدگان کے لئے 75 ملین پاکستانی روپے ادا کئے اور سیالکوٹ میں مفت ڈائیلاسز سینٹر قائم کیا ہے۔ ان کی انسانی خدمات کے اعتراف میں صدر پاکستان نے تنویر احمد کو ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔ پرائیڈ آف پاکستان کے زمرے میں بھی مخیر حضرات کا تذکرہ کیا گیا۔ اس حوالے سے بتایا گیاکہ تنویر احمد کی مالی امداد اور مساجد، اسکولوں اور سیلاب کے متاثرین کے لئے ان کی انسان دوستی قابل ذکر ہے۔ غریب طلباء کو معیاری تعلیم تک رسائی اور ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے میں مدد کرنے کے لئے انہوں نے سیالکوٹ میں ایک مفت ڈائیلاسز سنٹر کے قیام میں مدد کی، اپنے آبائی گائوں ڈسکہ میں ایک گرلز ہائی اسکول کو کالج میں تبدیل کیا، ان کے بے لوث کام قابل ذکر ہیں۔ آپ محب وطن پاکستانی ہیں اور قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔ اسلام آباد کے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ گزشتہ سال دسمبر میں سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (این یو ایس ٹی) میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیر کے لئے 9 ملین ڈالر کے عطیہ پر تنویر احمد کی تعریف کی۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے اپنے پہلے دورہ واشنگٹن کے دوران اعلیٰ امریکی حکام اور پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد سے ملاقات کی۔ انہوں نے تنویر احمد سے ملاقات کی، جنہوں نے پاکستان میں آئی ٹی کی ترقی کے شعبے میں این ایو ایس ٹی کے لئے 9 ملین ڈالر کا عطیہ دیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے ان کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کو ان جیسے ہیروز پر فخر ہے۔ انہوں نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی مدد کرنے اور ملک میں آئی ٹی کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے احمد کے عطیات کی بھی تعریف کی۔ دو ماہ قبل سندھ کے گورنر کی سفارش پر انڈس یونیورسٹی نے احمد کو پاکستان میں آئی ٹی اور صحت کے شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا تھا۔ تنویر احمد نے کہا کہ مجھے پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہلال امتیاز ملنے پر فخر ہے۔ میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان بہتر افہام و تفہیم پیدا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتا رہوں گا۔ میں پاکستان میں پیدا ہوا اور امریکہ جانے سے پہلے یہاں تعلیم حاصل کی جہاں میں کاروبار کرنے اور دوسروں کی مدد کرنے کے قابل تھا۔ دونوں ملک مجھے بہت عزیز ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here