نیویارک(پاکستان نیوز) امریکہ میں سکھوں کی نمائندہ تنظیم سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ بھارت کا شیرازہ بکھرنے کے قریب ہے، بھارتی خفیہ اداروں نے مودی حکومت کو یہ رپورٹ پیش کی ہے کہ تمام وسائل کے استعمال اور جبر کرنے کے بعد بھی کشمیر اور خالصتان کی آزادی کی تحریکوں کو ختم نہیں کیا جاسکا اور مستقبل میں علیحدگی کے حامی نوجوان نسل بھارت کی سالمیت کے لئے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد مودی حکومت کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز میں مقیم سکھ کمیونٹی کی کامیاب سفارتکاری کا یہ نتیجہ نکلا ہے کہ امریکہ اور کینیڈا سمیت بڑی طاقتیں اس بات پر متفق ہیں کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی کے اہلکار سکھ رہنمائوں کے قتل کرانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ اب یہ نعرہ ہر ایک کی زبان پر ہے کہ ”نہ ہندی نہ ہندوستان، پنجاب بنے گا خالصتان”۔