ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے نو ٹیموں میں جنگ

0
234

لاہور(پاکستان نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اعلان کر دیا جس میں 9ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دو سال پر محیط چیمپئن شپ میں 27سیریز کھیلی جائیں گی جس میں مجموعی طور پر 72ٹیسٹ ہوں گے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان یکم اگست سے شروع ہو گا اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جون 2021 میں انگلینڈ میں ہو گا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوران ہر ٹیم تین ملکی اور تین غیر ملکی سیریز کھیلے گی اور ہر سیریز کے 120پوائنٹس ہوں گے۔دو ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز کے 60، 60پوائنٹس ہوں گے جب کہ 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں ہر میچ کے 40پوائنٹس ہوں گے۔اسی طرح 4ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک میچ جتینے پر 30پوائنٹس ملیں گے جب کہ میچ برابر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 15، 15پوائنٹس ملیں گے اور میچ ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیمیں 10، 10 پوائنٹس کی حقدار ٹھہریں گی۔5ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک میچ جیتنے پر 24پوائنٹس ملیں گے جب کہ برابر ہونے کی صورت میں 12اور ڈرا ہونے پر 8پوائنٹس ملیں گے۔جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جیف آلار ڈائس نے بتایا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سے باہمی سیریز میں مقابلہ بڑھے گا۔انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر جیمی اینڈرسن نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو زبردست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ بڑی اہمیت کی حامل ہے جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کے منتظر ہیں۔آسٹریلوی قائد ٹم پین نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ زبردست آئیڈیا قرار دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here