فردوس عاشق اعوان فارغ،شبلی فرازوزیر اطلاعات مقرر

0
193

اسلام آباد(پاکستان نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹا دیا ہے جب کہ سینیٹ میں قائدِ ایوان سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیرِ اطلاعات بنا دیا گیا ہے۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پیر کی شام ایک ٹوئٹ میں وفاقی کابینہ میں کی گئی تبدیلیوں کی تصدیق کی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو وزیرِ اعظم کا معاونِ خصوصی بنادیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عاصم سلیم باجوہ کو ڈاکٹر فردوس عاشق کی جگہ وزیرِ اعظم کا معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ اس وقت پاکستان چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے قائم اتھارٹی کے سربراہ ہیں جب کہ ماضی میں وہ پاک فوج کے شعبہ¿ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ خیال رہے کہ رواں ماہ وفاقی کابینہ میں دوسری بار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس سے قبل گندم اور چینی کے بحران کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کی تھیں اور کئی اعلیٰ عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔ وزیرِ اعظم نے خسرو بختیار سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا قلم دان واپس لے لیا تھا جب کہ ان کی جگہ یہ وزارت فخر امام کو دے دی تھی۔ اسی طرح جہانگیر ترین کو بھی چیئرمین ٹاسک فورس برائے زراعت کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here